اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے کم لاگت گھروں کی عوام تک رسائی کیلئے معلومات کی فراہمی اور درخواستوں کی وصولی کیلئے موبائل یونٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔
موبائل یونٹ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور نیشنل بینک آف پاکستان کے اشتراک سے لوگوں کو کم لاگت رہائشی منصوبوں کیلئے قرضوں کے حصول میں سہولت فراہم کرے گا۔مزید یہ کہ موبائل یونٹ پرائم منسٹر ہاؤسنگ سکیم کے تحت قرضوں کیلئے ون ونڈو آپریشن فراہم کرے گا۔
ابتدائی طور پر موبائل یونٹ راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح کے علاقوں میں سہولت فراہم کرے گا۔بعد ازاں پورے پاکستان میں ایسے موبائل یونٹ قائم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ موبائل یونٹ کرونا وبا کے دوران بینکوں پر دباؤ کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہونگے۔
وزیرِاعظم نے نیشنل بنک کی جانب سے موبائل یونٹ کے قیام کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کو ذاتی چھت کی فراہمی میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس موقع پر اس موقع پر زور دیا کہ بینکوں کی جانب سے عوام کو گھروں کے لئے قرض کی فراہمی کو ممکنہ حد تک آسان بنایا جائے اور ان کی سہولت کاری کو یقینی بنایا جائے۔