اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دے کر ان کا شناختی کارڈ بلاک کرنے اور ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے حوالے سے کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد میں ہوئی ۔ محمد سلیم بیگ سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔
سابق چیئرپرسن بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کے دائمی وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جج اصغر علی نے حکم دیا کہ فرزانہ راجہ کا شناختی کارڈ بلاک کر کے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
عدالت نے فرزانہ راجہ کو ریفرنس سے الگ کرکے فرد جرم کیلئے نئی تاریخ بھی مقرر کردی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے مطابق انویسٹی گیشن کو کسی اسٹیج پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔
آئندہ سماعت پر نیب کے تفتیشی افسر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی ہے۔
خیال رہے کہ نیب نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا ، ریفرنس میں 19 ملزمان کو فریق بنایا گیا تھا۔
سابق چیئرپرسن بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ پر غیر قانونی ٹھیکوں کا الزام ہے۔ انہوں نے 4اشتہاری کمپنیوں کو خلاف قانون ٹھیکے دیئے۔نیب کے مطابق فرزانہ راجہ نے قومی خزانے کو 50 کروڑ سے زیادہ کا نقصان پہنچایا۔ ان کیخلاف اختیارات کےغلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔