ممبئی: بالی ووڈ سٹار دلیپ کمار کے موت کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں ۔ دلیپ کمار کو سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا ۔ واٹس ایپ پر اُن کی موت کے حوالے سے خبروں کی اہلِ خانہ نے سختی سے تردید کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ سائرہ بانو نے لیجنڈری اداکار کی طبیعت ناسازی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گزشتہ چند روز سے سانس لینے میں دقت تھی، کل طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں معمول کے ٹیسٹ اور معائنے کے لیے ہندوجا اسپتال لایا گیاہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر نیتن کی سربراہی میں ایک ٹیم دلیپ کمار کو طبی سہولیات فراہم کررہی ہے، انہیں کرونا کی تشخیص بھی نہیں ہوئی ہے‘۔ سائرہ بانو نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ دلیپ کمار کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور خود بہت زیادہ احتیاط کریں۔
دلیپ کمار کے اہل خانہ نے اُن کے انتقال کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’واٹس ایپ کے فارورڈ پیغامات پر یقین نہ کریں کیونکہ صاحب (دلیپ کمار) کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے۔
اہل خانہ نے دعا کرنے والوں کو خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ’ڈاکٹرز دلیپ کمار انشاء اللہ دو سے تین روز میں گھر جانے کی اجازت دے دیں گے‘۔