انقرہ : ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلش ارطغرل کے اہم کردار ’عبدالرحمٰن الپ‘ نے پاکستانی بچوں کو بہادر سپاہی قرار دے دیا۔ ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلش ارطغرل‘ کی جہاں ہر گزرتے دن پاکستان میں مقبولیت بڑھ رہی ہے۔
وہیں ڈرامے کے اداکاروں کی جانب سے بھی آئے دن پاکستانی مداحوں کے لیے محبت کے پیغامات جاری کرنے سمیت پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا جاتا ہے۔
مذکورہ ڈرامے کو وزیر اعظم کی خواہش پر اردو میں ترجمہ کرکے ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے چلایا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے۔
ڈرامے کی موسیقی پر بنائی گئی پاکستانی بچوں کی ویڈیو کو دیکھ کر ’ارطغرل غازی‘ کے اہم کردار ’عبدالرحمٰن الپ‘ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں پاکستانی بچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
’عبدالرحمٰن الپ‘ کا کردار معروف اداکار سیلال ال نے ادا کیا ہے اور انہوں نے حال ہی میں اپنی انسٹاگرام پر پاکستانی بچوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اردو میں پیغام بھی جاری کیا۔سیلال ال نے انسٹاگرام پر پاکستانی بچوں کی ڈرامے کی موسیقی پر بنائی گئی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اردو میں لکھا کہ ماشاءاللہ، پاکستان کے ننھے منے بہادر سپاہیو، میں آپ کے دلوں کو حسرت کے ساتھ بوسہ دیتا ہوں۔
اداکار نے بچوں کے حوالے سے مزید لکھا کہ آپ ہمارے ماشاا للہ بہادر سپاہی ہیں، انشا اللہ ایک دن آپ کے شانہ بشانہ جنگ میں حصہ لیں گے۔سیلال ال نے پاکستانی بچوں کے لیے محبت کا اظہار بھی کیا۔