پی پی اورپی ٹی ایم کے درمیان تعلقات اور رابطوں کی تحقیقات کررہی ہوں،سنتھیا رچی

پی پی اورپی ٹی ایم کے درمیان تعلقات اور رابطوں کی تحقیقات کررہی ہوں،سنتھیا رچی


اسلام آباد: پاکستان میں مقیم امریکی خاتون سنتھیا رچی نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کو تحریری بیان جمع کرادیا۔

سنتھیا رچی نے بیان میں کہا ہے کہ 10 سال سے پاکستان میں ہوں اور خیبر پختونخوا حکومت کیلئے محکمہ آرکیالوجی اور مختلف این جی اوز کیلئے کام کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے نہیں لڑنا چاہتی، بلاول کو مستقبل کا طاقتور لیڈر دیکھتی ہوں، ایمانداری کی بات ہے بلاول کا مستقبل کے رہنما کے طور پر ڈاکیومنٹری میں انٹرویو کرنا چاہتی تھی۔

سنتھیا رچی کا کہنا تھا کہ ایک تحقیقاتی ڈاکیومنٹری بنا رہی ہوں جس میں پیپلز پارٹی اور پشتون تحفظ موومنٹ(پی ٹی ایم)کے درمیان تعلقات اور رابطوں کی تحقیقات کررہی ہوں اور اِس تحقیقات میں پاکستان کے سیکیورٹی ادارے تعاون کررہے ہیں۔

انھوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔اس سے قبل سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے بھی متنازع اور نامناسب ٹوئٹ کی تھیں۔

امریکی خاتون کے الزامات پر پیپلز پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کیلئے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے جس پر سنتھیا کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔