ماسکو: ماسکو حکومت نے ان الزامات کو رد کر دیا ہے کہ قطر سے متعلق بحران کی وجہ روسی ہیکرز بنے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ روسی ہیکروں نے قطر سے متعلق ایک جھوٹی خبر پھیلائی تھی جو اس سارے بحران کی وجہ بنی۔ ماسکو حکومت کے سائبر سکیورٹی کے مشیر آندرییے کُرٹشکخ نے روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کو بتایا کہ جو کچھ ہوا اس کا ذمہ دار ہیکروں کو قرار دینا اور ان کے حوالے سے بے بنیاد دعووں کے پیچھے کوئی ثبوت نہیں ہے اور تحقیقات سے قبل ہی نتیجہ اخذ کر لیا گیا ہے۔
امریکی تفتیش کاروں نے شبہ ظاہر کیا کہ روسی ہیکرز نے قطری نیوز ایجنسی کو ہیک کیا اور ایک جعلی نیوز رپورٹ جاری کی جس نے امریکہ کے سب سے قریبی خلیجی اتحادی ملک کے ساتھ بحران میں اہم کردار ادا کیا۔ قطری اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کو دوحہ روانہ کیا گیا ہے تاکہ وہ قطری حکومت کے ساتھ مل کر مبینہ ہیکنگ کی تحقیقات کر سکیں۔
امریکی انٹیلی جنس کی اکٹھی کردہ معلومات کے مطابق اس تمام تر ہیکنگ کے پیچھے روس کا ہاتھ تھا۔