عید پر نئے کرنسی نوٹوں کیلئے ایس ایم ایس سروس متعارف

04:53 PM, 7 Jun, 2017

اسلام آباد: عید پر نئے کرنسی نوٹ عید کا مزہ دوبالا کر دیتے ہیں۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹوں کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کروا دی ہے۔ اس سروس کے ذریعے شہری عید الفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے نوٹوں کی نئی سروس پاکستان بنک ایسوسی ایشن کے تعاون سے متعارف کروائی ہے۔

یہ سروس پاکستان بھر میں فعال ہو گی جس کے تحت شہری مختصر ایس ایم ایس کوڈ کا استعمال کرتے ہوئے نئے کرنسی نوٹ حاصل کر سکیں گے۔ نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا 12 جون سے23 جون 2017 تک ہو گا۔ اس سروس کو استعمال کرنے کے لیے 8877 پر اپنے شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ برانچ آئی ڈی نمبر لکھ کر ایس ایم ایس ارسال کریں۔

ایس ایم ایس بھیجنے کے بعد آپ کو ایک ٹرانزیکشن نمبر، برانچ نمبر اور پیسے وصول کرنے کی تاریخ کے ساتھ ایک پیغام موصول ہو گا۔ پیسے وصولی کے لیے جانے پر اپنے شناختی کارڈ کی کاپی لے جانا ضروری ہے۔ متعلقہ بنکوں کی برانچ کوڈز اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی ویب سائٹ اور پاکستان بنک آف ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

نئے نوٹ ملک بھر کے 120 شہروں میں اسٹیٹ بنک کے دفاتر اور ایک ہزار کمرشل بنکوں کی برانچز پر دستیاب ہوں گے۔ اس سروس سے متعلق شکایات دفتری اوقات میں 111 008 877 - 021 پر وصول کی جائیں گی۔ کوئی بھی صارف ایک خاص رقم کے نئے کرنسی نوٹ حاصل کر سکے گا۔ اس ایس ایم ایس کے چارجز 1.5 روپے بمعہ ٹیکس ہیں۔ کوئی بھی صارف صرف رمضان کے پورے مہینے میں ہی اس سروس سے مستفید ہو سکے گا۔

ایک موبائل نمبر سے ایک ہی شناختی کارڈ نمبر درج کیا جا سکتا ہے۔ تمام افراد اپنے شناختی کارڈ نمبرز کے لیے الگ الگ موبائل نمبرز استعمال کرنے کے پابند ہوں گے۔ صارفین اس بات سے بخوبی آگاہ رہیں کہ بنک برانچ کوڈ اور اسٹیٹ بنک برانچ آئی ڈیز دونوں مختلف نمبرز ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں