"اے راہِ حق کے شہیدو ، وفا کی تصویرو!۔۔۔"،حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا آج 25 واں یوم شہادت

لاہور:حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا آج  25 واں یوم شہادت  ہے۔  پاک فوج نے حوالدار لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 25 برس قبل حوالدار لالک جان نے بے مثال جرات و بہادری سے جنگ کارگل میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں، شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں، شہید حوالدار لالک جان دھرتی کا بہادر بیٹا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے شہید حوالدار لالک جان شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز مادر وطن کے دفاع کے لیے جان کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والوں کو عطا کیا جاتا ہے، قوم مادر وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔

حوالدار لالک جان (شہید) نشان حیدر 1967ء میں آبائی گاؤں غذر یاسین گلگت میں پیدا ہوئے۔ لالک جان 12 این ایل آئی کے ایک بے باک نڈر اور بہادر سپاہی کے طور پر اُبھر کر سامنے آئے۔

مئی 1999ء میں حوالدار لالک جان نے اگلے مورچوں پر لڑائی لڑنے کے لئے اپنی خدمات پیش کیں۔ اپنے خون سے وطن سے وفا کی لازوال داستان رقم کرنے اور دشمن پر دھاک بٹھانے والے حوالدار لالک جان 7جولائی 1999 کو کارگل کے محاذ پر شہید ہوئے، جرات اور لازوال قربانی کے اعتراف میں حوالدار لالک جان کو نشان حیدر سے نوازا گیا۔

مصنف کے بارے میں