برمنگھم:نومنتخب برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے غیر قانونی تارکین کو روانڈا بھیجنے کا منصوبہ ختم کرنےکا اعلان کیا ہے ۔برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ وہ بھاری اکثریت سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے پہلے بڑے پالیسی اعلان میں ہزاروں پناہ گزینوں کو برطانیہ سے روانڈا بھیجنے کے متنازع منصوبے کو ختم کر دیں گے۔
سابقہ کنزرویٹو حکومت نے سب سے پہلے 2022 میں اس منصوبے کا اعلان کیا تھا کہ وہ تارکین وطن جو بغیر اجازت برطانیہ پہنچے تھے ان کو مشرقی افریقی ملک بھیجا جائے گا، اس سے چھوٹی کشتیوں پر پناہ کے متلاشیوں کی آمد کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔تاہم سالوں کے قانونی چیلنجز کی وجہ سے اس منصوبے کے تحت کسی کو روانڈا نہیں بھیجا گیا۔
وزیر اعظم بننے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کیئر سٹارمر نے کہا کہ روانڈا کی پالیسی کو ختم کر دیا جائے گا کیونکہ اس کے ذریعے پناہ کے متلاشیوں میں سے صرف ایک فیصد کو بھیجا جاتا اور یہ ایک رکاوٹ کے طور پر کام کرنے میں ناکام ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’روانڈا سکیم شروع ہونے سے پہلے ہی مردہ اور دفن ہو چکی تھی۔ یہ کبھی بھی رکاوٹ نہیں بنی، اس لیے میں ایسی چالوں کو جاری رکھنے کے لیے تیار نہیں ہوں جو پناہ کے متلاشیوں کے لیے رکاوٹ کے طور پر کام نہیں کر سکیں۔