پاک فوج، سروسز چیفس کا حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کو خراج تحسین پیش

12:35 PM, 7 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCsSC) اور سروسز چیفس نے حوالدار لالک جان نشان حیدر کو ان کی 24ویں شہادت کی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق حوالدار لالک جان نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔  آئی ایس پی آر نے کہا کہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ڈیوٹی کے لیےلالک جان کی غیر متزلزل لگن اور ہمت ہماری مسلح افواج کی بہترین مثال ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ان بہادر ہیروز نے مادر وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں۔ قوم بہادر بیٹوں کی قربانیوں پر ان کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم ان ہیروز کو یاد رکھیں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کیں اور ان کی قربانیاں ہم سب اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنیں۔

واضح رہے مئی 1999 میں جب دشمن ایک بڑے حملے کی تیاری کر رہا تھا تب حوالدار لالک جان نے کمپنی ہیڈ کوارٹر میں خدمات انجام دیتے ہوئےرضاکارانہ طور پر فرنٹ لائن پر لڑنا شروع کیا۔

جان نے بہادری کے ساتھ مٹھی بھر آدمیوں کے ساتھ اپنی پوسٹ کا دفاع کیا اور متعدد بھارتی حملوں کو پسپا کر دیا اور سینکڑوں لاشیں پیچھے چھوڑ دیں۔ 7 جولائی کو دشمن نے پورا دن مسلسل حملے کیے جو رات تک جاری رہے لیکن  لالک جان نے شدید زخمی ہونے کے باوجود وہاں سے نکلنے سے انکار کر دیا اور کامیابی سے دشمن کا حملہ پسپا کر دیا جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

 بعد ازاں حوالدار جان نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

مزیدخبریں