ومبلڈن میں شکست، ثانیہ مرزا کا ریٹائرمنٹ کا اعلان 

06:50 PM, 7 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

ومبلڈن : بھارتی ٹینس سٹارثانیہ مرزا نے سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم 'ومبلڈن' کے مکسڈ ڈبل مقابلے کا سیمی فائنل ہارنے کے بعد سوشل میڈیا پر جذباتی پوسٹ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کے روز ثانیہ مرزا نے مائیکروبلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کھیل آپ سے بہت کچھ لے لیتے ہیں۔ ذہنی طور پر جسمانی طور پر اور جذباتی طور پر جیت اور ہار، گھنٹوں کی محنت اور ہارنے کے بعد بغیر نیند کے کئی راتیں۔ لیکن یہ سب بدلے میں آپ کو بہت کچھ دیتا ہے جو آپ کو کوئی اور نوکری نہیں دے سکتی جس کے لیے میں شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’آنسو اور خوشیاں، لڑائی، جدوجہد، تمام چیزوں کا آخرکار پھل مل جاتا ہے۔ اس بار یہ سب ومبلڈن میں نہیں ملنا تھا لیکن ومبلڈن تم شاندار ہو! پچھلے 20 سال میں یہاں کھیلنا اور جیتنا ایک اعزاز ہے۔ تمھاری کمی ہمیشہ محسوس ہوگی، پھر ملیں گے۔

مکسڈ ڈبل ایونٹ کے سیمی فائنل میں ثانیہ مرزا اور انکے کروشیا کے ساتھی کھلاڑی میٹ پیوک کو برطانوی کھلاڑی نیل سکوپسکی اور ان کی امریکی ساتھی کھلاڑی ڈیزیرائے کراؤکز کے ہاتھوں 4-6، 7-5، 6-4 سے شکست ہوئی ہے جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔

مزیدخبریں