اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے ساتھ ہمارے دور میں زیادتی ہوئی ان کے خلاف اے این ایف نے جھوٹا کیس بنایا ۔ کابینہ میٹنگ میں میں نے اعتراض کیا تھا تو اے این ایف کے عہدیدار اجلاس چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف 15 کلو ہیروئن کا مقدمہ بالکل جھوٹا تھا لیکن یہ مقدمہ پی ٹی آئی نے نہیں بنایا تھا۔ شہریار آفریدی کو جھوٹی قسمیں نہیں کھانا چاہئیں تھیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ رانا ثناء اللہ کے ساتھ زیادتی ہوئی اور رانا ثناء اللہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں جنہوں نے مقدمہ بنایا تھا ان سے گلہ بھی کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ پر مقدمہ کے لیے ہیروئن بنی گالا سے نہیں بھیجی گئی اور نہ ہی ہماری جماعت کا اس سے کوئی تعلق ہے۔