لاہور: پیداواری اداروں کی جانب سے قیمت میں کمی کے بعد ڈسڑی بیوٹرز نے ایل پی جی کی قیمتوں میں 450 روپے تک کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120 اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 450 روپے کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جولائی 2022ءکیلئے قیمت 1 لاکھ 48 ہزار 725 روپے فی میٹرک ٹن مقرر کی تھی جبکہ پاک عرب ریفائنری نے اپنی قیمت میں 13 ہزار 723 روپے کمی کی ہے جس کے بعد پارکو نے نئی قیمت 1 لاکھ 35 ہزار فی میٹرک ٹن مقرر کر دی ہے۔
عرفان کھوکھر کے مطابق سرکاری پیداواری ادارے او جی ڈی سی ایل نے پیداواری قیمت ایک لاکھ 40 ہزار فی میٹرک ٹن مقرر کی ہے اور اب مارکیٹ میں ایل پی جی 220 کی جگہ 210 روپے فی کلو پر آ گئی ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120 اور کمرشل کی قیمت میں 450 روپے کمی ہوگئی۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اب گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 480 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 9 ہزار 530روپے ہو گی۔