نیپرا نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی

02:56 PM, 7 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: بجلی کے صارفین کو ایک بار پھر جھٹکا ، نیپرا نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔

خیال رہے کہ سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے 7 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی ۔ اس کا اطلاق صرف جولائی کے ماہ کے بلوں پر ہوگا ۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا ۔

دوسری جانب ، ملک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، دیہی و شہری علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔

بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 324 میگاواٹ جبکہ پیداوار 21 ہزار 622 میگاواٹ ہے ، ملک میں بجلی کی کل طلب 28 ہزار 946 میگاواٹ ہے ۔

ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق پانی سے 5 ہزار 660 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار 670 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں ، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 10 ہزار 900 میگاواٹ ہے ، ونڈ پاور پلانٹس 900 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 111 ہے ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 103میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں ۔

جوہری ایندھن سے 2ہزار 278 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ، ملک کے مختلف علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے ۔

مزیدخبریں