دعا زہرا کے شوہر ظہیر کی 14 جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور

12:00 PM, 7 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے دعا زہرا کے شوہر ظہیر کو 14 جولائی تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے کراچی سے پنجاب جا کر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کے شوہر ظہیرکی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے بعد عدالت نے درخواست ضمانت پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو دعا زہرا کے شوہرظہیر کو 14 جولائی تک گرفتارکرنے سے روک دیا۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ ایف آئی آر کب کی درج ہے جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ایف آئی آر 16 اپریل کو درج ہوئی ہے۔ 
عدالت نے کہا ابھی تک آپ کیا کررہے ہیں؟ آپ کو کیسے پتا چلا کہ پولیس انہیں گرفتارکرنا چاہتی ہے جس پر وکیل نے جواب دیا کہ تفتیشی افسر کا بیان ہے کہ وہ معاملے کی دوبارہ تحقیقات کر رہے ہیں۔ 
وکیل نے عدالت کے روبرو خدشہ ظاہر کیا کہ دوبارہ تحقیقات کے باعث پولیس ظہیر کو گرفتار کر لے گی، عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت سے عبوری ضمانت لی جاسکے۔

مزیدخبریں