قوم کو جلد مہنگائی سے نجات ملے گی: وزیراعظم

11:00 AM, 7 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے، قوم کو جلد مہنگائی سے نجات ملے گی، ہماری حکومت معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گرین اور بلیو لائن میٹرو بس سروس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے نے دنیا کو پریشان کر رکھا ہے لیکن خدا کا شکر ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے لیکن ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ مل کر کریں گے، ہماری حکومت معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہے، عوامی فلاح کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کا سلسلہ گزشتہ 4 سال سے جاری ہے، سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں اور قوم چار سال کی تاخیر کا جواب ہم سے مانگتی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں شمسی توانائی کا جال بچھانا چاہتے ہیں کیونکہ اس سے عوام کی مہنگی بجلی سے جان چھوٹ جائے گی، آج اجلاس میں شمسی توانائی کے حوالے سے فیصلے کریں گے۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ عوامی اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور ان کی ایسے نگرانی کریں جیسے اپنے بچوں کی کرتے ہیں، آئندہ عوامی منصوبوں میں غیر معیاری ٹینڈرنگ ہوئی تو کسی کی خیر نہیں۔ 

مزیدخبریں