اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک کی مقامی عدالت نے معروف صحافی و اینکر پرسن عمران ریاض خان کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا جس کے بعد انہیں چکوال پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹک کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے عمران ریاض کے کیس سے متعلق رات کو ہونے والی سماعت پر محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا۔
عدالت نے عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کرنے سے متعلق 8 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عمران ریاض کسی اور مقدمے میں گرفتار نہیں تو انہیں رہاکیاجائے۔
اٹک مقدمے میں رہائی ملنے کے بعد کمرہ عدالت کے باہر موجود چکوال پولیس نے صحافی و اینکرپرسن عمران ریاض خان کو گرفتار کر لیا جبکہ انہوں نے بھی رضاکارانہ طور پر گرفتار دیدی اور پولیس انہیں لے کر چکوال روانہ ہو گئی۔
قبل ازیں اٹک کی عدالت کے فاضل جج نے چکوال پولیس کی عمران ریاض کو حوالے کرنے سے متعلق استدعا مسترد کرتے ہوئے سرزنش کی تھی کہ چکوال پولیس نے مروجہ قانونی طریقے کار اختیار نہیں کیا لہٰذا انہیں حوالے نہیں کیا جائے گا۔
راولپنڈی ڈویژن کے پولیس ترجمان نے چکوال پولیس کی جانب سے عمران ریاض کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف ایف آئی آر پہلے سے درج ہے مگر اسے سیل رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اٹک پولیس نے عمران ریاض کو گرفتار کر کے 3 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جبکہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی گرفتاری سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے ان کے وکیل کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔