مختلف اقدامات سے اداروں کی پرائیوٹائزیشن کا عمل تیز تر کرنے کے خواہش مند ہیں، میاں سومرو

10:11 PM, 7 Jul, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ اداروں کی مقررہ وقت میں نجکاری اولین ترجیح ہے اور مختلف اقدامات سے پرائیوٹائزیشن کا عمل تیز تر کرنے کے خواہش مند ہیں۔

وفاقی وزیرنجکاری محمد میاں سومرو کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری نجکاری حسن ناصر جامی، ڈائریکٹرجنرلز سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت کے نجکاری پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس نجکاری میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کو شارٹ لسٹ کر دیا گیا۔

دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کے معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور پاور پلانٹس کی نجکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی میں کافی حد تک پیشرفت ہو چکی ہے۔

اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ نظرثانی شدہ قیمت کی منظوری کے بعد سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نیلامی کا مرحلہ شروع ہوجائے گا جبکہ جناح کنونشن سینٹر، فرسٹ ویمن بینک، پاک ری انشورنس کمپنی کی نجکاری کا عمل بھی تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ 

وفاقی وزیر برائے نجکاری کا کہنا تھا کہ اداروں کی مقررہ وقت میں نجکاری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مختلف اقدامات سے تیز تر پرائیویٹائزیشن کر کے ملکی خزانے پر پڑنے والا بوجھ کم کریں گے۔ 

مزیدخبریں