چین سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کا خیر مقدم کرے گا، وانگ ژی

چین سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کا خیر مقدم کرے گا، وانگ ژی
کیپشن: چین سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کا خیر مقدم کرے گا، وانگ ژی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا چین اور پاکستان کثیر الجہتی اصولوں کے امین ہیں جبکہ سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

پاک چین تعلقات کے 70 سال منفرد دو طرفہ شراکت داری کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا چین اور پاکستان کو ایک دوسرے کی بھرپور ضرورت ہے۔ چین اور پاکستان کو اپنی تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا چاہیے تاکہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر عالمی امن کو فروغ دینے کے لئے کام کریں گے اور اس حوالے سے کثیر القومی شراکت داری کو یقینی بنایا جائے گا۔

ادھر جانب عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک بڑی ترجیح ہے اور اب فیز ٹو میں جا رہے ہیں جبکہ منصوبوں پر کام رکا نہ سست روی کا شکار ہے اور چینی سرمایہ کاروں کا اعتماد کم نہیں ہوا جبکہ کسی کی طرف دیکھے بغیر آگے بڑھ رہے ہیں۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے ہر منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں اور آپریشنل ایشوز پر بھی ہماری نظر ہے جبکہ سی پیک فیز ون میں 1200 نوکریاں آ چکی ہیں تاہم کورونا سی پیک کیلئے بڑا امتحان تھا لیکن کامیابی سے نکل گئے۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک چین زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی مشترکہ نیٹ ورک بنا رہے ہیں، چینیوں نے وزیراعظم سے اکنامک زون میں زمین دینے کا کہا جبکہ گوادر پورٹ کا قومی اور مقامی معیشت پر بڑا اثر ہے اور بلوچستان کے مغربی روٹس کے علاقوں میں روزگار کے مسائل ہیں جبکہ اسلام آباد سے کوئٹہ، خضدار سے سندھ لنک ہونے سےغربت کم ہو گی اور چین کی ایک ڈالر سرمایہ کاری سے ووکیشنل انسٹیٹیوٹ بنے گا اور ماہی گیروں کیلئے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔