دلیپ کمار سرکاری اعزاز کیساتھ سپر د خاک

dileep kumar funeral 1922-2021

ممبئی :بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔

دلیپ کمار کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ممبئی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا جس کی ویڈیو ان کے ترجمان فیصل فاروقی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فورسز اہلکار انھیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بھارتی پرچم میں لپیٹ رہے ہیں۔

پاکستان کی سیاسی قیادت نے لیجنڈاداکاردلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار نے کئی دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کیا اور لیجنڈ کی صورت میں ہی دنیا سے رخصت ہوئے۔

دوسری طرف پشاور میں لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی غائبانہ نماز جنازہ آبائی گھر میں ادا کر دی گئی ،نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں مداحوں اور شہریوں نے شرکت کی ،نماز جناز ہ قصہ خوانی کے علاقے محلہ خداد میں ادا کی گئی،دلیپ کمار کی یاد میں ان کے آبائی گھر کے سامنے شمع بھی روشن کیے گئے ۔

خیال رہے کہ آج صبح دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہی ان کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔