اسلام آباد: قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹیریٹ نے اراکین پارلیمنٹ کو ان کے رہائشی علاقوں کے فاصلوں کے حساب سے ووچرز دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹیریٹ کی سروس برانچ نے قومی ائر لائن (پی آئی اے) سے نئے کرایوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ نئے کرایوں کے حساب اور اراکین پارلیمنٹ کو ان کے علاقوں کے فاصلوں کے حساب سے ووچرز دیے جائیں گے۔
پی آئی اے کی جانب سے تفصیلات کی فراہمی کے بعد سیکیورٹی پرنٹنگ پریس کراچی سے ارکان پارلیمنٹ کے لئے ووچرز تیار کروائیں جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق رکن پارلیمنٹ کو ایک سال میں 25 ائیر لائن کی ٹکٹس فراہم کئے جاتے تھے اور ہر پارلیمنٹرین کو ٹکٹس کے ساتھ تین لاکھ کے ووچرز سالانہ دئیے جاتے تھے اور ائیر لائن کی ٹکٹ پر صرف رکن پارلیمنٹ سفر کرسکتا تھا لیکن اب ووچرز سے ارکان کے فیملی ممبران اور دوست بھی فضائی سفر کر سکیں گے جبکہ اگر کوئی ممبر پارلیمنٹ ووچرز نہ لے تو وہ کل قیمت کی 70 فیصد رقم کیش میں وصول کر سکے گا۔ اس طرح ووچرز سے ممبران پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی دونوں کا فائدہ ہو گا۔