کراچی :کشمیر انتخابات میں جیت کس پارٹی کی ہوگی آصف علی زرداری نے خاموشی توڑ تے ہوئے کہا کہ کشمیر انتخابات میں وہی ہوگا جو ماضی میں ہوتا آ رہا ہے ،آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی پر صحافی کی طرف سے پوچھے گئے اہم سوالات کے انتہائی دلچسپ جوابات دئیے۔
آصف علی زردار ی سے صحافی نے سوال پوچھا کہ آپ کا سلیکٹرز سے کوئی رابطہ ہے ؟جس پر آصف زرداری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیوں میں اس ملک میں نہیں رہتا ،صحافی کے سوال پر کہ کیا آپ سلیکٹرز کو کوئی پیغام دینا چاہتے ہیں جس پر آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ سلیکٹرز کو کوئی بھی پیغا م آپ کے ذریعے تھوڑی دوں گا ۔
آصف علی زرداری کا پیشی کے موقع پر صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہنا تھا میاں صاحب اگر ملک آنا چاہیں تو بسم اللہ نہ آنا چاہیں تو ان کی مرضی ہے ،انہوں نے کہا ویسے میاںصاحب کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے ،بلاول کی امریکہ روانگی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر آصف علی زرداری نے کہا بلاول امریکہ دورے پر نہیں بلکہ کانفرنس میں جارہے ہیں۔
صحافی نے پوچھا ،پی ٹی آئی حکومت کب تک اقتدار میں رہے گی ؟ جس جواب میں آصف زرداری نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت ہی کب ہے؟ آزادکشمیر انتخابات سے متعلق سوال پر آصف زرداری نے کہا کشمیر انتخابات میں وہی ہوگا جو ہوتا رہا ہے ، پیپلز پارٹی ایک جماعت ہے، ہم پچاس ساٹھ سال سے کشمیر کے لیے لڑ رہے ہیں۔