ممبئی : دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی زندگی عشق اور وفا کی عظیم داستان بن گئی ، فلمی دنیا کی اکثر جوڑیاں فلمی انداز میں بنتی ہیں اور اسی طرح ٹوٹ بھی جاتی ہیں لیکن دلیپ کمار اور سائرہ بانو جب ایک دوسرے کی زندگی میں آئے تو پھر انہوں نے کسی اور طرف نہیں دیکھا 54 سالہ شادی کا ساتھ دلیپ کمار کی وفات پر ٹوٹا ۔
بھارتی اداکار دلیپ کمار اور سائرہ بانو اپنے عہد کے بہترین اداکار تھے ۔دونوں نے اداکاری کے میدان میں خوب نام کمایا لیکن جب دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تو پھر انہوں نے اپنی نجی زندگی پر فنی زندگی کو قربان کردیا ۔
دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی شادی 54 برس تک رہی ، دلیپ کمار کے انتقال کے باعث یہ جوڑی تو ٹوٹ گئی لیکن عشق و وفا کی ایک بہترین ضرور بن گئی ۔
اس شاندار جوڑی کے بارے میں چند اہم معلومات
اداکارہ سائرہ بانو کی والدہ بھی ایک اداکارہ ہی تھیں سائرہ بانو نے کم عمری میں ہی اپنی والدہ سے اداکاری اور رقص کی تربیت لینا شروع کردی اور بہت کم عمری میں ہی فلموں میں آنے کا ارادہ کرلیا تھا ۔
وہ دور دلیپ کمار کے عروج کا دور تھا اور سائرہ بانو بھی اس وقت کے سپر سٹار سے دلی طورپر محبت کرنا شروع ہوگئی تھیں حالانکہ دونوں کی کبھی ملاقات نہیں ہوئی تھی دونوں کا رشتہ ایک مداح اور فنکار والا تھا لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا ۔
سائرہ بانو کی والدہ نسیم بانو اپنی بیٹی کی فلموں میں انٹری کے لئے کوشاں تھیں اسی دوران نسیم بانو کی ملاقات دلیپ کمار سے ہوئی سائرہ بانو بھی ان کے ساتھ تھیں سائرہ بانو کی عمر اس وقت پندرہ سال تھی اور اس ملاقات میں ہی سائرہ بانونے دلیپ کمار کو پہلی مرتبہ قریب سے دیکھا تھا ۔ اس ملاقات میں دلیپ کمار نے سائرہ بانو کو " بیوٹی فل گرل " قرار دیا ۔ یہ وہ لمحہ تھا جب سائرہ بانو کے دل میں دلیپ کمار کی محبت گھر کر گئی ۔
اپنے ایک انٹرویو میں سائرہ بانو نے کہا کہ میرا دل کہہ رہا تھا کہ میں دلیپ کمار کو جیت لوں گی اور ان سے ہی میری شادی ہوگی ۔
اور پھر ایسا ہی ہوا کہ دونوں اداکاروں کو فلم " جھک گیا آسمان" میں کام کرنے کا موقع ملا اور اس فلم کے دوران ہی دلیپ کمار اور سائرہ بانو میں محبت ہوگئی اور دلیپ کمار نے سائرہ بانو کو شادی کی پیشکش کردی ۔
اس وقت دونوں کی عمروں میں کافی فرق تھا لیکن کسی نے عمر نہیں دیکھی اور ایکدوسرے کو پانے کی خواہش میں دونوں 11 اکتوبر 1966 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ۔ اسوقت سائرہ بانو محض 22 جب کہ اداکار دلیپ کمار کی عمر 44 برس تھی۔
سائرہ بانو اور دلیپ کمار کو شادی کے بعد کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا جن میں سے ایک اداکارہ سائرہ بانو کی صحت کا مسئلہ تھا۔ سائرہ بانو 1972 میں حاملہ ہوئیں لیکن طبی مسائل کے باعث وہ بچے کو جنم نہ دے سکیں، اس واقعے نے دونوں پر کافی گہرے اثرات مرتب کیے اور پھر دوبارہ سائرہ بانو کبھی ماں نہ بن سکیں لیکن اولاد سے محرومی کے باوجود دونوں کبھی ایکدوسرے سے دور نہ رہے ۔