نیب میں افسران کی شدید کمی، گریڈ 17 سے 20 تک کے افسران کی خدمات ادھار مانگ لیں  

01:35 PM, 7 Jul, 2021

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) میں افسران کی شدید کمی کے باعث پاکستان بھر سے گریڈ 17 سے 20 تک کے افسران کی خدمات ادھار مانگ لی گئی ہیں۔

قومی احتساب بیورو نے افسران کی کمی کو پورا کرنے کے لیے چاروں صوبوں کے آئی جیز سے افسران کی خدمات بھی مانگی ہیں۔ اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے آئی جیز کو خصوصی مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے مراسلہ ملنے کے بعد صوبے بھر کے گریڈ 17 سے گریڈ 20 کے افسران کے نام طلب کر لیے ہیں۔

نیب مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جو افسر بخوشی قومی احتساب بیورو میں جانے کے خواہشمند ہیں، وہ ایک ہفتے کے اندر اپنے نام بھجوائیں۔

آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پنجاب شہزادہ سلطان نے تمام یونٹس کے سربراہان کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔

اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نیب میں ڈیپوٹیشن پر جانے والے افسران تین سالہ کنٹریکٹ پر جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو پاکستان میں ریفرنسز کی تفتیش کے حوالے سے شدید کمی کا سامنا ہے۔

قومی احتساب بیورو نے پولیس افسران کی خدمات مانگی ہیں تاکہ کہ زیر التوا ریفرنسز کو جلد ازجلد احتساب عدالتوں میں بھجوایا جا سکے۔

مزیدخبریں