یورو فٹبال کپ کے سیمی فائنل میں اٹلی اسپین کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

Italy, semi-finals, Euro Football Cup, Spain, FIFA

لندن: یورو فٹبال کپ کے سیمی فائنل میں اٹلی اسپین کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا ، اٹلی نے اسپین کو پنالٹی ککس پر شکست دی ۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی نے پنالٹی ککس پر دو کے مقابلے میں چار گول سے اسپین کو ہرایا ، مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا ۔ اٹلی کا گول بیرا رڈی اور اسپین کا گول موراٹا نے کیا تھا ، اضافی وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہیں کرسکی تھی ۔

یورو کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج انگلینڈ اور ڈنمارک کے درمیان کھیلا جائے گا ، دوسرا سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم اتوار کو فائنل میں اٹلی کے مدمقابل ہوگی ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی ٹیم نے یورو کپ 2020 کے کوارٹر فائنل میں یوکرین کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ۔

برطانوی ٹیم نے یورو کپ کے اس اہم میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار صفر سے فتح حاصل کی تھی ۔ انگلش ٹیم کے کپتان نے خود بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کئے ۔ جبکہ ہیڈرسن اور میگوائر نے ایک ، ایک گول کیا اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔

یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں اس تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد برطانیہ 25 سال بعد یورو کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے قابل ہوا ہے ۔