میانوالی:قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ مہنگائی کم ہوئی، نہ ایک کروڑ نوکریاں ملیں اور نہ 59 لاکھ گھر ملے بلکہ مہنگائی نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ، حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا ایجنڈا تشکیل دے دیا ہے، انشا اللہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی سے حکومت کو بہت بڑا سرپرائز دیں گے۔
قمر زمان کائرہ نے مریم نواز کی طرف سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو منظر عام لانے کے حوالے سے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک انکشاف ہے، اگر یہ سچ ہے تو اس سے بڑی خطرناک کوئی بات نہیں ہو سکتی۔