لاہور : ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی پریس ریلیز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جج صاحب کی پریس ریلیزسےمریم نوازکے بیان کردہ حقائق کو تقویت ملی، جج نےرشوت کی پیشکش اور دباؤسےمتعلق سپریم کورٹ کےسپروائزری جج کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ دباؤاور رشوت کی بات کو چھپانا سنگین جرم ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جج ارشد ملک نے اپنے اوپر سوالیہ نشان اٹھائے ہیں، ان کی عدالت میں روز نوازشریف اور مریم نواز پیش ہوتے تھے، انہوں نے دوران سماعت ایسی بات کیوں نہیں بتائی، سپریم کورٹ کےچیف جسٹس اور سپروائزری جج اس کا نوٹس لیں۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ارشد ملک کی وڈیو اصلی ہے،اس کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، ہم کل بھی کہہ رہے تھے کہ جج صاحب مظلوم ہیں، آج بھی کہتے ہیں کہ وہ مظلوم ہیں، جج فیصلے لکھتے ہیں،وہ وضاحتیں نہیں دیتے،معاملے کو مزید متنازع نہ بنایا جائے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے مزید متنازع وڈیوز کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس مزید اور بھی ناقابل تردید وڈیو ،شواہد موجود ہیں، ان وڈیوز کو مناسب وقت اور فورم پر عوام کے سامنے رکھیں گے، منتخب وزیراعظم کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ آج ایک سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کواستثنا حاصل تھا پھر بھی وہ ہر عدالت اور فورم کےسامنے پیش ہوئے، جج صاحب کی وڈیو میں تمام شواہد اور نام موجود ہیں، امید ہےسپریم کورٹ اس کانوٹس لےگی،دودھ کادودھ اور پانی کاپانی ہوگا۔