کراچی: حمزہ علی عباسی کی فلم ”پروازہے جنون‘ ‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ۔گزشتہ روز حمزہ علی عباسی، احد رضامیر اورہانیہ عامر کی فلم”پرواز ہے جنون“کی ٹریلر لانچنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں فلم کی ٹیم کے ہمراہ اداکارہ سجل علی، ہمایوں سعیداور شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکاروں نے شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق فلم”پرواز ہے جنون“عید الفطر پر ریلیز کی جانی تھی تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر فلم کی ریلیز موخر کردی گئی تھی اور اب گزشتہ روز فلم کا ٹریلر جاری کیاگیا ہے جسے شائقین کی جانب سے بے حد پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔فلم کی کہانی وطن پر جان نثار کرنے کا جذبہ رکھنے والے فائٹر پائلٹس کے گرد گھومتی ہے جس میں حمزہ علی عباسی اور احدرضامیر فائٹر پائلٹس کا کردار نبھارہے ہیں، جب کہ ہانیہ عامر وطن کے جذبے سے سرشار امریکی شہریت چھوڑ کر پاکستان ایئر فورس میں شمولیت اختیار کرلیتی ہیں ان کے علاوہ فلم میں اداکارہ کبریٰ خان بھی شامل ہیں۔
حمزہ علی عباسی اپنی پرکشش شخصیت کے باعث پورے ٹریلر میں چھائے رہے، اگر یہ کہاجائے کہ احد رضامیر اور دیگراداکار ان کے آگے نظر ہی نہیں آئے تو غلط نہ ہوگا، ٹریلر میں دکھائی گئی کہانی کے مطابق فلم میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامراور احد رضامیر کے گرد لَو ٹرائی اینگل دکھایا گیا ہے۔فلم عیدالضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔