پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، سربراہ پاک بحریہ

11:09 AM, 7 Jul, 2018

کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مسلح افواج پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 109ویں مڈ شپ مین اور 18 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی تھے۔

تقریب میں بحرین نیوی کے سربراہ کموڈور محمد یوسف الآسام اور بحرین کوسٹ گارڈ کے سربراہ میجر جنرل علاؤ الدین بھی موجود تھے۔

 

مزید پڑھیں: نواز شریف کو عام قیدیوں کی طرح رکھا جائیگا، سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے اور قومی مفادات کا تحفظ اور دفاعی خود مختاری ہماری ترجیحات ہیں۔ ایڈمرل طفر محمود عباسی نے بتایا کہ پاک بحریہ نے بحرہند میں ریجنل میری ٹائم پٹرولز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس سے بحری دہشت گردی، قذاقی اور اسمگلنگ کی روک تھام ہوگی۔

پاس آﺅٹ ہونے والے آفیسرز میں دوست ممالک کے 43 آفیسرز بھی شامل تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شارٹ سروس کورس میں پہلی مرتبہ خصوصی طور پر دینی تعلیم و ترغیب کے آفیسرز نے کمیشن حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا برطانوی حکومت سے نواز شریف کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ

تقریب کے دوران لیفٹیننٹ روحیل شہزاد کو قائداعظم گولڈ میڈل عطا کیا گیا، مڈشپ مین دایان احمد اکیڈمی ڈرک کے حقدار قرار پائے جبکہ مڈشپ مین کاشف قیوم کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں