لاہور : صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ یونیسکو نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کوتاریخی ورثے کے ساتھ گزارنے کے حوالے سے پنجاب حکومت کے موقف کو من و عن تسلیم کر لیا ہے۔یہ بات انہوں نے پولینڈ میں منعقدہ ورلڈ ہیرٹیج کانفرنس میں شرکت کے بعد پاکستانی ذرائع ابلاغ کو بھجوائے گئے بیان میں بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اورنج لائن منصوبے کے حوالے سے اپنا موقف یونیسکو سیکرٹریٹ میں جمع کروایا تھا جس پر ورلڈ ہیرٹیج کانفرنس میں تفصیلی بحث کے بعد ورلڈ ہیرٹیج کانفرنس میں شریک تمام ممالک نے اورنج لائن منصوبے کو تکنیکی اور قانونی حوالے سے مکمل طور پردرست قراردے دیا ہے۔اس کانفرنس میں صوبائی وزیر رانا مشہود نے حکومت پنجاب کی نمائندگی کی اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے حوالے سے حکومتی موقف عالمی نمائندوں کے سامنے پیش کیا۔صوبائی وزیر نے یونیسکو میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے حوالے سے حکومت پنجاب کاموقف انتہائی موثر اور مدلل انداز میں پیش کیا۔
صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا ہے کہ عالمی ماہرین نے اس بات سے مکمل اتفاق کیا ہے کہ اورنج لائن منصوبے سے لاہور کے تہذیبی ورثےکو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہیرٹیج کانفرنس میں حکومت پنجاب کے موقف کی قبولیت وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی پالیسیوں پر عالمی اعتماد کی عکاس ہے۔انہوں نے مزیدکہا ہے کہ دنیا نے اورنج لائن منصوبے پر حکومتی موقف کی صداقت کا اعتراف کیا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں