جھنگ: حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کچھ ماہ پہلے جس جگہ پر کھیت اور میدان تھے آج اتنا بڑا منصوبہ تیار ہو چکا ہے جس کی نظیر کہیں نہیں ملتی کیونکہ اتنے کم عرصے میں کسی پاور پلانٹ کا ایک سیکشن تیار نہیں ہو سکتا۔ پاکستان میں منصوبوں کی تیز ترین تکمیل کی نئی روایت قائم ہو رہی ہے کیونکہ جب سے حکومت سنبھالی 7 ہزار میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہو چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ملک میں ہماری حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے امن قائم ہوا اور آج سیاحوں کی بڑی تعداد پر فضا مقامات کی سیر بے خوف و خطر کر رہی ہے۔ ہماری حکومت سے پہلے ملک کی معاشی حالت بہتر نہیں تھی اور کارخانے بند پڑے تھے لیکن ہم نے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ ملک کو اندھیروں سے نکالیں گے اور ملک کو معاشی طور پر مستحکم کریں جس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اس وقت گروتھ ریٹ 7 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور نئے منصوبے لوگوں کو یقین دلارہے ہیں کہ انڈسٹری لگائیں بجلی آ رہی ہے۔
مزید پڑھیں: پاناما افسانے سے زیادہ لوگ وزیراعظم کے کارنامے یاد رکھیں گے: شہباز شریف
انہوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اس وقت ملک میں جگہ، جگہ موٹرویز اور ہائی ویز بنائے جا رہے ہیں جو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں سنگ میل کے طور پر ثابت ہوں گے لیکن مخالفین کو یہی تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھونے جا رہا ہے جبکہ جنھوں نے ملک میں اندھیرے کیے آج کہتے ہیں نواز شریف کس طرح بجلی لا رہے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ان کا جتنا حساب لیا جائے وہ کم ہے کیونکہ وہ کیا حکومت ہے جو قوم کو بجلی سے محروم کر دیتی ہے۔ 10 جولائی کو جے آئی ٹی پاناما کیس کی رپورٹ سپریم کورٹ کو دے گی اور ہم خدا کے فضل سے اس تاریخ کو داسو پاور پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ بھاشا ڈیم بھی تقریباً تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا جنہوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے انہیں بتانا چاہتا ہوں ہمیں کام سے کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ آپ لوگ ہم سے الیکشن تو جیت نہیں سکتے صرف سازش کرتے ہیں۔ مخالفین صرف دھرنے اور احتساب کی آڑ میں سازش کرتے ہیں اور کبھی جے آئی ٹی کی آڑ میں چھپتے ہیں ان چیزوں کے پیچھے چُھپنے کے بجائے میدان میں آ کر مقابلہ کریں۔
یاد رہے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ سے 760 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور یہ بجلی قومی گریڈ میں شامل کی جائے گی۔ ایل این جی سے چلنے والے اس منصوبے سے مجموعی طور پر 1230 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی اور اس منصوبے کی تکمیل میں قومی خزانے کو 57 ارب روپے کی بچت ہو گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں