جھنگ: حویلی بہادرشاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کا منصوبہ 21 ماہ میں پورا ہوا جو نیا ریکارڈ ہے کیونکہ یہ منصوبے شفافیت کے ساتھ ساتھ تیز ترین رفتار سے مکمل کیے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا اچھی قیادت کی رہنمائی میں کام ہو تو ملک کی تقدیر بدل جاتی ہے اور منصوبوں کے آغاز پر مخالفت ہی مخالفت تھی لیکن آج ان فیصلوں کے مثبت نتائج آئے ہیں ۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا وزیراعظم نے ملک کے لیے جو کچھ کیا ہے قوم وہ یاد رکھے گی یہ تمام منصوبے وزیراعظم کا اعمال نامہ ہیں اور پاناماافسانے سے زیادہ لوگ وزیراعظم کے کارنامے یاد رکھیں گے کیونکہ وزیراعظم کے اس اعمال نامے کا کوئی مقابلہ ہے؟۔
ان کا مزید کہنا تھا تینوں پاور پروجیکٹوں میں 168 ارب روپے کی بچت کی گئی اور ہمارے منصوبوں کی شفافیت کی دنیا گواہی دے رہی ہے جبکہ منصوبے کی فی میگا واٹ لاگت 4 لاکھ 88 ہزار ڈالر ہے۔
شہباز شریف نے خطاب میں مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا نندی پور منصوبے کی مشینری 3 سال تک کراچی بندر گاہ پر پڑی رہی اور ان لوگوں نے اس پر کوئی کام نہیں کیا انہیں جیل میں ہونا چاہیے.
یاد رہے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ سے 760 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور یہ بجلی قومی گریڈ میں شامل کی جائے گی۔ ایل این جی سے چلنے والے اس منصوبے سے مجموعی طور پر 1230 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی اور اس منصوبے کی تکمیل میں قومی خزانے کو 57 ارب روپے کی بچت ہو گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں