وزیراعظم نے حویلی بہادرشاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کردیا

05:43 PM, 7 Jul, 2017

جھنگ: وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے حویلی بہادرشاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کردیا ہے۔  اس موقع پر وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہبازشریف، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ،وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی ،وزیرمملکت پانی و بجلی عابدشیر علی، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اوردیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ سے 760میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور یہ بجلی قومی گریڈ میں شامل کی جائے گی ۔ ایل این جی سے چلنے والے اس منصوبے سے مجموعی طور پر 1230میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اس منصوبے کی تکمیل میں قومی خزانے کو 57ارب روپے کی بچت ہوگی اس منصوبے کا پہلا یونٹ 21ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے ۔ منصوبے کا بنیادی ڈھانچہ سوئچ یارڈ کولنگ ٹاورز کی تعمیر ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ۔ ایندھن ذخیرہ کرنے کے ٹینکس اور گیس ٹرمائنز بھی نصب کی جاچکی ہیں ۔ تیز رفتار تکمیل کے لحاظ سے منصوبہ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں مثال ہے ۔ منصوبہ چین کی پاور کنسٹرکشن کمپنی اور پاکستان کی قومی انجینئرنگ نے مکمل کیا ۔

یہ منصوبہ ایل این جی سے پیداوار کی بہترین شرح 62.44فی صد دے گا۔ نیپرا کے پیشگی نرخوں کے تناسب سے منصوبے میں 57ارب روپے کی بچت ہوئی بین الاقوامی سطح پر نیلامی اور شفافیت کے باعث منصوبہ سستی ترین پیداوار دے گا۔ منصوبے سے سالانہ 2ارب روپے کی بچت ہوگی اور اس منصوبے سے ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی ۔ منصوبے کی پہلی ٹربائن 94دن اور دوسری 73دن کی ریکارڈ مدت میں نصب کی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اس منصوبے کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں مبارکباد دی ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں 

مزیدخبریں