نتھیا گلی: پاکستان تحریک انصاف نے تین بڑی سیاسی جماعتوں کی بڑی وکٹیں ایک ساتھ گرا دیں۔ عمران خان کے ساتھ نتھیا گلی میں ملاقات کرنے کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما شبیر لغاری، معظم جتوئی اور مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے فیض وٹو جبکہ ق لیگ سے نعمان لنگڑیال اور دیوان اخلاق سمیت سرگودھا سے سابق ایم این اے مظہر قریشی اور انکے بھائی ظفر لغاری نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ طور پر اعلان کیا۔
اس موقع پر عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم مافیا کے گاڈ فادر کے خلاف جہاد کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے معاشرے کو کرپشن کے کینسر نے کھوکھلا کر دیا ہے اور ہم اس مرض کو ملک سے ختم کرنے کیلئے جہدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ تحریک انصاف ایسا معاشرہ چاہتی ہے جہاں ادارے مضبوط ہوں۔
عمران خان نے کہا زبردست میچ ہونے جا رہا ہے کیونکہ بہت دیر سے اس وقت کا انتظار کر رہا تھا۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ جے آئی ٹی میں شریف خاندان کا احتساب ہو گا۔ اب ان کی شکلیں دیکھ کر لگتا ہے کہ جے آئی ٹی میں ان کے حالات بُرے ہیں اس لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا ایک طرف تبدیلی چاہنے والے اور ایک طرف فائدہ اٹھانے والے ہیں۔ کیا چوری کرنے والے خود چوری روک سکتے ہیں آج تک پاکستان کی تاریخ میں ایسا دیکھنے کو نہیں ملا کیونکہ ہر سال ایک ہزار ارب روپے ملک سے منی لانڈرنگ ہوتے ہیں۔ عمران خان نے ایک بار پھر الزام دہراتے ہوئے کہا کہ پہلے انہیں دس ارب روپے کی پیش کش کی گئی اور اب کیس دائر کر دیا گیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں