اسلام آباد: پانامہ کے ہنگامے کا فائنل راونڈ شروع ہو گیا ہے۔ آج جے آئی ٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں جاری ہے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی جانے والی حتمی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔
جے آئی ٹی نے آج کسی شخصیت کو طلب نہیں کیا۔ جے آئی ٹی کے پاس صرف تین روز باقی رہ گئے ہیں کیونکہ جے آئی ٹی کو پیر دس جولائی کو چوتھی اور آخری رپورٹ عدالت عظمی میں جمع کروانی ہے۔ آخری اور حتمی پندرہ روزہ رپورٹ انتہائی اہم ہو گی۔ جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ میں حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز سے کی گئی تفتیش کی تفصیلات شامل ہیں۔
وزیراعظم کے کزن طارق شفیع، سمدھی اسحاق ڈار سمیت چیئرمین نیب قمر زمان چودھری اور سابق چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد کے بیانات بھی حتمی رپورٹ میں شامل ہوں گے۔
ادھر وزیراعظم کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پاناما کیس جے آئی ٹی، قطری شہزادے کے معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیاسی مخالفین کے خلاف بھرپور سیاسی محاذ آرائی کا فیصلہ کیا گیا اور ضرورت پڑنے پر تمام آپشنز استعمال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا چند عناصر سازشوں میں مصروف ہیں لیکن ان کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ملک کی ترقی میں مسلم لیگ ن اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کرتی رہے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں