شہبازشریف نےعمران خان کیخلاف 10ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا

11:58 AM, 7 Jul, 2017

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔ دعویٰ وزیر اعلیٰ کی جانب سے مصطفیٰ رمدے ایڈووکیٹ نے لاہور کی سیشن عدالت میں دائر کیا ہے ۔

دعویٰ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف ایسے بیانات دئیے ہیں جس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے اور ان کی شہرت خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اس لیے عمران خان کے خلاف فیصلہ دیا جائے تاکہ عمران خان سے ہرجانہ وصول کیا جائے ۔ کیس پر ایڈیشنل سیشن جج عظمت سلطان کے پاس بھجوا دیا گیا ہے ۔ دعویٰ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان شہباز شریف کے خلاف لگائے گئے الزامات کا ثبوت فراہم کریں جبکہ عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 روز میں21جولائی تک جواب طلب کر لیا ہے،عدالت نے حکم دیا ہے کہ وہ خود یا وکیل کے ذریعے جواب جمع کرائیں ۔

واضح رہے کہ عمران خان نے شہباز شریف پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے پاناما کیس میں خاموش رہنے کے لیے انہیں ایک ارب روپے رشوت دینے کی پیشکش کی تھی جس پر شہباز شریف نے عمران خان کو نوٹس بھجوایا تھا اور بیان واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر عمران خان نے بیان واپس نہ لیا تو ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مزیدخبریں