اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت سے ہونے والے مذاکرات کسی سیاسی ڈیل کے لیے نہیں، بلکہ ملک و عوام کے مفاد میں کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مذاکرات ضروری ہیں اور ان کا کامیاب ہونا ملک کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
پارٹی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ "ہماری چارج شیٹ میں حکومت کے خلاف الزامات کی فہرست بہت طویل ہے۔ ہمیں انتخابات سے روکا گیا، ہمارے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں، اور ہمارے 13 کارکن شہید ہوئے۔ ہم پر مقدمات بنائے گئے اور ہمارے لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔"
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے دو اہم مطالبات پیش کیے تھے جن پر مذاکرات ہونے چاہئیں: "پہلا مطالبہ اسیران کی رہائی اور دوسرا 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا قیام تھا۔"
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ "ہم مذاکرات کو ملک اور عوام کے مفاد میں ضروری سمجھتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں تاکہ ملکی مسائل کا حل نکل سکے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے بڑی مدت کے بعد ڈائیلاگ کا دروازہ کھولا ہے اور اب مذاکراتی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے یہ بھی کہا کہ "اگر مذاکرات کے نکات تحریری طور پر نہ بھی ہوں، تب بھی ان کا ہونا ضروری ہے تاکہ مسائل حل ہو سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کی جانب سے مذاکرات کا عمل جاری رہے گا، اور اس میں کامیابی کی پوری امید ہے تاکہ ملک کے سیاسی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔