کیپ ٹاؤن: برطانوی فلم پروڈیوسر اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ، جمائما خان، ہائیکنگ کے دوران ایک بلند پہاڑ سے گر کر زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
جمائما خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سال نو کے آغاز پر کیپ ٹاؤن کے قریب بلند پہاڑوں میں ہائیکنگ کرتے ہوئے اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔ ان تصاویر میں وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ نئے سال 2025 کا خیرمقدم پہاڑوں میں ہائیکنگ کرتے ہوئے کیا۔
تاہم، اسی دوران وہ اچانک پہاڑ سے گر گئیں، جس کے نتیجے میں ان کو شدید چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔ جمائما خان نے بعد ازاں ہسپتال میں اپنی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں انہیں بیساکھی کی مدد سے چلتے ہوئے اور بستر پر پڑے ہوئے دکھایا گیا۔
اگرچہ انہوں نے اپنے زخمی ہونے کی تفصیل فراہم نہیں کی، لیکن تصاویر سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے پاؤں اور ٹانگ کے نچلے حصے میں فریکچر ہو سکتے ہیں، تاہم اس بارے میں کوئی رسمی تصدیق نہیں کی گئی۔
جمائما خان کی ہسپتال میں داخل ہونے کی خبریں سامنے آنے کے بعد، ان کے مداحوں اور پاکستانی عوام نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ کئی پاکستانی صارفین نے انہیں "سابق بھابھی" کے طور پر نیک خواہشات بھیجیں اور ان کی مکمل صحت یابی کی دعا کی۔
جمائما خان کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات کی منتظر ہیں، اور مداح ان کے جلد صحت یاب ہونے کی امید رکھتے ہیں۔