وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی کیلئے رائٹ سائزنگ کا عمل شروع کر دیا، وزیر خزانہ

وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی کیلئے رائٹ سائزنگ کا عمل شروع کر دیا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے اخراجات میں کمی لانے اور اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے رائٹ سائزنگ کے عمل کا آغاز کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ نے کہا، "پچھلے چھ ماہ سے ہم نے ملکی معیشت کے استحکام پر توجہ مرکوز کی، اور آج ہم ایک مستحکم معاشی پوزیشن میں ہیں۔ اس دوران تمام اہداف کو مثبت سمت میں حاصل کیا گیا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا، "ہماری حکمت عملی کا مقصد ملکی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب لے جانا ہے۔ اس مقصد کے تحت ہم ڈیجیٹلائزیشن اور فیس لیس ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کل کراچی میں اس حوالے سے ایک اہم منصوبے کا آغاز کریں گے۔"

وزیر خزانہ نے وفاقی سطح پر اخراجات میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہا، "ہمارا مقصد وفاقی حکومت کا حجم اور اخراجات کم کرنا ہے۔ ٹیکس کی وصولیوں کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے اخراجات بھی کم کرنے ہوں گے تاکہ معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "جون 2024 میں وزیراعظم نے اخراجات میں کمی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کی قیادت مجھے سونپی گئی تھی۔ اس کمیٹی میں ایم این ایز اور ہائی لیول قیادت بھی شامل ہے، اور اس کا مقصد حکومت کے اخراجات میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔"

وزیر خزانہ نے بتایا کہ "کمیٹی کو 43 وزارتوں اور اداروں کے اخراجات کا جائزہ لینے کا اختیار دیا گیا ہے، جن پر وفاقی حکومت کا 900 ارب روپے سے زائد خرچ آ رہا ہے۔ اس جائزے کو مرحلہ وار کیا جائے گا اور سب سے پہلے پانچ وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔"

انہوں نے کہا کہ "کمیٹی نے تمام وزارتوں اور اداروں کی قیادت سے ان کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات حاصل کی ہیں، تاکہ اخراجات کو کم کرنے اور اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مناسب فیصلے کیے جا سکیں۔"

وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس عمل سے نہ صرف حکومت کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی، جو ملک کی معیشت کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

مصنف کے بارے میں