سپیس ایکس نے 2025 کا پہلا سٹارلنک مشن کامیابی سے لانچ کر دیا

سپیس ایکس نے 2025 کا پہلا سٹارلنک مشن کامیابی سے لانچ کر دیا

فلوریڈا: سپیس ایکس نے فلوریڈا سے اپنے 2025 کے پہلے سٹارلنک مشن کے تحت 24 سیٹلائٹس کو فالکن 9 راکٹ کے ذریعے نچلی زمینی مدار میں روانہ کر دیا ہے۔ یہ لانچ کیپ کیناویرل اسپیس فورس سٹیشن کے لانچ کمپلیکس 40 سے دوپہر کے وقت کی گئی۔

سپیس ایکس کے حکام کے مطابق، اس مشن کے دوران راکٹ کے پہلے مرحلے کے بوسٹر نے اپنی 17ویں پرواز مکمل کی۔ اس بوسٹر نے پہلے بھی متعدد اہم مشنوں میں حصہ لیا ہے، جن میں کریو 5، سی آر ایس 28، Intelsat G-37، Optus-X، Immarsat I6-F2، GPS III-6، این جی 20 اور دیگر سٹارلنک مشنز شامل ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق، راکٹ اپنے مخصوص لانچ پیڈ تک پہنچنے میں معمول سے زیادہ وقت لے رہا تھا۔ اس تاخیر کا سبب تیز سرد ہوائیں اور برف باری ہو سکتی ہیں، جو ملک کے مختلف حصوں میں جاری تھیں۔ ان موسمی حالات نے لانچ کی تیاریوں کو متاثر کیا اور راکٹ کی روانگی میں تاخیر کا سبب بنی۔

سپیس ایکس کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ مشن کمپنی کی سٹارلنک نیٹ ورک کی توسیع کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنا ہے۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بھی براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

یہ کامیاب لانچ سپیس ایکس کی خلائی سفر میں مزید کامیابیوں کی علامت ہے اور کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

مصنف کے بارے میں