ڈی آئی خان : پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ چند افراد کی منشا پر عوام کو اپنی مرضی کی حکومت چننے سے نہیں روکا جاسکتا اور عوام بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے نجات کے لیے اپنی مرضی کی حکومت منتخب کرنا چاہتے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سوالات اٹھائے جانے پر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ عوام کی عدالت کے متوقع فیصلے سے کچھ لوگ ڈرے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو بہادر لیڈر شپ کی ضرورت ہے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے بارودی سرنگیں پر چل کر انتخابی مہم چلائی تھی۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات نے گزشتہ تین انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 2008، 2013 اور 2018 کے انتخابات میں دہشت گردوں کا مقابلہ کیا تھا اور چند افراد کی منشا پر عوام کو اپنی مرضی کی حکومت چننے سے نہیں روکا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں انتخابات کا ماحول تیار ہو چکا ہے اور ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام بیروزگاری، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے نجات کے لیے اپنی مرضی کی حکومت منتخب کرنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کے منشور نے مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں اور مخالفین جانتے ہیں بلاول بھٹو زرداری انتخابات جیت کر وزیراعظم بن رہا ہے۔