لاہور: ن لیگ نے الیکشن سے قبل انتخابی لائحہ عمل تیار کرلیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) آئندہ ماہ 8 فروری کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کے لیے اپنا منشور 15 یا 16 جنوری کو پیش کرے گی جس کے بعد پارٹی اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا منشور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے، معاشی بحالی، بے روزگاری، غربت کے خاتمے، قومی احتساب کے قوانین میں ترمیم اور بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔منشور میں اس بات کا بھی تعین کیا جائے گا کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے نگران حکومتیں ضروری ہیں یا الیکشن کمیشن اکیلے ہی یہ ذمہ داری ادا کر سکتا ہے، جیسا کہ پڑوسی ممالک میں طرز عمل رائج ہے، علاوہ ازیں میثاق جمہوریت کے کچھ نکات بھی منشور میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ ہماری پارٹی کا منشور رواں ماہ کے وسط میں 15 یا 16 جنوری کو پارٹی سربراہ نواز شریف پیش کریں گے۔