لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا نام باقاعدہ طور پر پنشن پانے والے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے اور انہیں یکم جنوری سے 1 لاکھ 54 ہزار روپے ماہانہ پنشن ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پنشن کیلئے کرکٹ بورڈ کے بنائے گئے کوڈ آف کنڈکٹ پر دستخط کر دئیے ہیں، انہوں نے کرکٹ بورڈ سے پنشن دینے کی درخواست کی تھی اور اب پی سی بی کے قانون کے مطابق انہیں پنشن دی جائے گی۔
مینجمنٹ کمیٹی کے ایک رکن نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوڈ آف کنڈکٹ پر دستخط کے بعد رمیز راجہ کے نام نام کا اضافہ کر کے لسٹ کو اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے جبکہ کوڈ آف کنڈکٹ پر دستخط کرنے کے بعد رمیز راجہ بورڈ پر تنقید بھی نہیں کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں رمیز راجہ 60 سال کی عمر کو پہنچے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے 60 سال سے زائد عمر کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو پنشن دی جاتی ہے، رمیز راجہ جب کرکٹ بورڈ کے سربراہ تھے تو انہوں نے پنشن میں فی کس ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا تھا۔