میرپور خاص میں سرکاری آٹے کے حصول کیلئے ہجوم میں شہری دم گھٹنے سے جاں بحق

06:32 PM, 7 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی: زرعی ملک پاکستان میں غریب عوام کیلئے آٹے کا حصول جان لیوا بننے لگا ، میرپور خاص میں سرکاری آٹے کے حصول کیلئے ہجوم میں شہری دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا ۔

لواحقین کا لاش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج ، معاملے پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی سندھ حکومت پر کڑی تنقید ۔ ادھر نوابشاہ میں لائینوں میں لگی خواتین میں بھگدڑ مچنے سے 2 خواتین کی حالت غیر ہوگئی ۔

مظفر گڑھ میں سرکاری آٹا پوائنٹ پر مخصوص لوگوں کو آٹا فراہم کیے جانے کا انکشاف ۔ روٹی کے نوالے کو ترستے عوام احتجاج پر مجبور ہوگئے ۔ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا ۔

مٹیاری ہالا میں سرکاری نرخ پر آٹا نہ ملنے پر شہری مشتعل ہو گئے ، احتجاج میں خواتین نے بھی شرکت کی اور ہالا نیشنل ہائی وے کو ٹائر جلا کر بند کر دیا گیا ۔

ہر نئے دن ، نئے نرخ لاہور میں چکی کا آٹا فی کلو 160 روپے تک پہنچ گیا ، ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی آٹے کے دس کلو تھیلے کی قیمت 248 روپے بڑھا دی گئی ، پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تین ہزار تک پہنچ گیا ۔

مزیدخبریں