اسلام آباد: ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے اہم اقدام کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے آٹے کی قیمتوں میں فوری کمی کیلئے مداخلت کی تجویز پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے حکام نے پاسکو کے ذریعے صوبوں کو مزید گندم ریلیز کرنے کی تجویز دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اضافی گندم ریلیز ہونے سے آٹے کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
حکام کے مطابق پاسکو کے ذریعے گندم ریلیز کرنے کی منظوری وزیراعظم شہباز شریف سے لی جائے گی اور وزیراعظم کے دورہ جنیوا سے واپسی پر مداخلت کی تجویز دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی پاسکو سے گندم کی ریلیز پر وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور ان کی منظوری کے بعد پاسکو گندم ریلیز کرے گی۔
حکام کے مطابق اس وقت بھی صوبوں کو پاسکو گندم ریلیز کر رہا ہے، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو 17 لاکھ ٹن گندم دی جا چکی ہے، قیمتیں زیادہ ہونے پر پاسکو صوبوں کو اضافی گندم ریلیز کرسکتا ہے۔
ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے اہم اقدام کا فیصلہ
05:34 PM, 7 Jan, 2023