ملک میں آٹے اور برائلر کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی قلت کا خدشہ

03:06 PM, 7 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: ملک میں آٹے اور برائلر کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی بھی کمی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ بانڈڈ گوداموں سے 3 لاکھ 58 ہزار ٹن خوردنی تیل کی لفٹنگ روک دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق خوردنی تیل کو ضروری اشیاءکی فہرست سے فوری طور پر خارج کر دیا گیا ہے جس کے باعث کسٹمز بانڈڈ گوداموں سے تین لاکھ 58 ہزارٹن خوردنی تیل کی لفٹنگ روک دی گئی ہے جبکہ بینک ایل سی کھولنے اور دستاویزات کی ریٹائرمنٹ کی درخواستیں مسترد کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے ملک میں آٹے اور برائلر کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی بھی کمی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور اس کی قیمت میں ہوشربا اضافے کا امکان بھی ہے۔ بینکوں کے پاس ڈالر نہ ہونے کی وجہ سے تیل پروڈیوسر پام آئل، سویا بین آئل اور سورج مکھی سے محروم ہورہے ہیں۔
واضح رہے ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں روز بروز اضافے سے عوام پریشان ہے جو 160 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے جبکہ سرکاری آٹے کیلئے شہریوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں۔ اسی طرح مرغی کی قیمت بھی آسمان چھو رہی ہے اور مختلف شہروں میں 600 روپے فی کلو تک بھی فروخت ہو رہا ہے۔ 

مزیدخبریں