اسلام آباد:نئے سال کے پہلے ہفتے میں ہی مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کی حد عبور کر گئی ،ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 20.08 فیصد سے تجاوز کر گئی جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مہنگائی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق رواں ہفتے چکن ،سبزیاں، پیٹرولیم مصنوعات سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں،پچیس اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ بریڈ،بچوں کا دودھ،کپڑوں سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی،رپورٹ کے مطابق چکن ،سبزیاں، پیٹرولیم مصنوعات سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں،ایک ہفتے کے دوران برائلر چکن کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 96 پیسے اضافہ ہوا ،پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے ،چینی کی فی کلو قیمت میں 60 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق دال مسور کی فی کلو قیمت میں 3روپے 23 پیسے ،دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 3روپے 82 پیسے کا اضافہ ہوا ،جلانے کی لکڑی،ماچس،گرم مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر،ایل پی جی کے گھریلو سیلنڈر سمیت صرف 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ،بریڈ،بچوں کا دودھ،کپڑوں سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔