واشنگٹن: جوزف بائیدن امریکا کے 46 ویں آئینی صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ کانگریس نے امریکی صدر جوبائیڈن کی کامیابی کی توثیق کر دی۔ نومنتخب جوبائیڈن 20 جنوری کو حلف اٹھائیں گے۔ نتائج کی کانگریس سے تصدیق انتخابات کا آخری مرحلہ تھا۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کی تھی۔ امریکی پارلیمنٹ عمارت پر صدر ٹرمپ کے حامیوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا اور سڑکوں پر سناٹا ہو گیا جبکہ لوگ گھروں میں چلے گئے۔ پولیس نے کیپیٹل ہل عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق کانگریس اور وائٹ ہاوس کے باہر ٹرمپ کے حامیوں کا انتخابی نتائج پر احتجاج جاری تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی کیپیٹل ہل کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے۔ ٹرمپ کے حامیوں اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔ چھڑپوں کے بعد کیپیٹل بلڈنگ کو لاک ڈاون کر دیا گیا ۔نائب صدر مائیک پنس کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے کیپیٹل ہل کی عمارت کو خالی کرا لیا تاہم اب تمام انتخابہ مراحل مکمل ہو گئے ہیں اور جوبائیڈن کی فتح کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے اپنی معاشی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔ بائیڈن نے وزیر خزانہ کے لیے فیڈرل ریزرو کی سابق سربراہ جینٹ ییلن کے نام کا اعلان کیا ہے امریکی محکمہ خزانہ کی 231 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہو گا جب ایک خاتون امریکہ کے محکمہ خزانہ کی قیادت کریں گی۔ بائیڈن نے انتظامی اور بجٹ کے امور سے متعلق محکمے کی ڈائریکٹر کے لیے بھارتی نژاد نیرا ٹنڈن کا انتخاب کیا ہے۔ سینیٹ سے ان کی منظوری کی صورت میں ٹنڈن پہلی ایشیائی امریکی خاتون ہوں گی جو اس عہدے کی سربراہی کریں گی۔ ٹنڈن اس وقت سینٹر فار امریکن پروگریس نامی تنظیم کی صدر ہیں۔