سانحہ مچھ: حکومت اور لواحقین میں معاملات طے پا گئے، دھرنا جلد ختم ہونے کی امید

02:26 PM, 7 Jan, 2021

کوئٹہ: ہزارہ برادری کے مقتولین کے لواحقین اور حکومت کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، ذرائع کے مطابق جلد ہی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے ہاتھوں بلوچستان کے علاقے مچھ میں قتل ہونے والے افراد کے لواحقین اور حکومت کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے جلد ہی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا جائے گا۔ علمائے کرام نے دھرنے کے شرکا کیساتھ معاملات خراب کرنے والے عناصر کیساتھ شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب خبریں ہیں کہ وزیراعظم عمران خان بھی جلد ہی ہزارہ برادری کی دادرسی کیلئے جلد ہی کوئٹہ پہنچ رہے ہیں۔ تاہم ان کا یہ دورہ کب اور کس وقت ہوگا؟ اسے سیکیورٹی کی وجہ سے مخفی رکھا جا رہا ہے۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی کوئٹہ جانے کا اعلان کر چکے ہیں۔ مریم نواز شریف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ حکمران ہزارہ برادری کی دادرسی کے بجائے لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے اسے حکومت کی بے حسی قرار دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایت کی پیروی کرتے ہی کوئٹہ کا دورہ کر رہی ہیں، تاکہ سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہو سکیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے مچھ میں اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو انتہائی بیدردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

دہشتگردی کے اس افسوسناک واقعے میں قتل ہونے والے تمام افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا۔ اس واقعے کے خلاف احتجاج کے طور پر ہزارہ برادری کے افراد دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔

مزیدخبریں