عالمی وبا نے ایک اور سیاستدان کی جان لے لی، (ن) لیگی رہنما منیرہ یامین ستی کا انتقال

11:53 AM, 7 Jan, 2021

لاہور: عالمی وبا کے پاکستان میں وار جاری ہیں۔ اس وبائی مرض نے عام افراد کیساتھ ساتھ ایک اور سیاسی رہنما کی جان لے لی ہے۔ وبائی مرض سے انتقال کرنے والی خاتون سیاستدان کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے تھا، مرحومہ پنجاب اسمبلی کی رکن تھیں۔

ذرائع کے مطابق لیگی رہنما منیرہ یامین ستی کی گزشتہ دو ہفتوں سے طبعیت انتہائی خراب تھی، ان کا نجی ہسپتال میں علاج جاری تھا۔ ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور عالمی وبا مبتلا ہو کر خالق حقیقی سے جا ملیں۔

منیرہ یامین ستی کے انتقال پر اہم سیاسی اور سماجی شخصیات کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رکن اسمبلی کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومہ کے خاندان کو اس موقع پر صبر دے اور منیرہ یامین ستی کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما منیرہ یامین ستی دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن میں اسمبلی میں مختص خواتین کی نشست پر رکن منتخب ہوئی تھیں۔ ان کی جماعت کی جانب سے بھی انھیں اہم رہنما قرار دیتے ہوئے وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کا جو ڈیٹا جاری کیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ صرف ایک دن میں مزید پچاس مریض عالمی وبا سے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اس مرض میں مبتلا ہونے والوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مزیدخبریں